لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک بار پھر انٹری ہوگئی، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کے کرکٹ امور کے مشیر مقرر کردیے گئے، وہ یہ ذمہ داریاں بلامعاوضہ انجام دیں گے۔
پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مصباح الحق نے بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کرکٹ کی بہتری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذکاء اشرف نے مصباح الحق کو کرکٹ امور کا مشیر بننے کی پیشکش کی جو انہوں نے قبول کرلی۔ مصباح الحق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کے کرکٹ امور کے مشیر کے طور پر بلا معاوضہ فرائض انجام دیں گے۔