آسٹریلوی ویمنز کی دوسرے ون ڈے میں آئرلینڈ کو شکست

 

ڈبلن (اُمت ڈیسک ) آسٹریلیا ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کو 153 رنز سے شکست دے دی۔
کاسل ایونیو ڈبلن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔
الیسے پیری نے 99 بالوں پر 91 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ایشلیگ گارڈنر 65، بیتھ مونی 49 اور اینابیل سدرلینڈ 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، آئرلینڈ کی جانب سے جارجینا ڈمپسے نے 4 اور کارا مرے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم 39 ویں اوور میں 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایمی ہنٹر نے 50 ، گوبی لوئس نے 37 اور کپتان لورا ڈیلانے 18 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ دیگر کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جورجیا نے 3 ، تاہلیا میگراتھ اور جیس جوناسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
فاتح ٹیم کی کھلاڑی الیسے پیری کو 91 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔