غسل کعبہ کی سالانہ تقریب 15محرم کو بعد نمازِ فجر ہو گی

ریاض : سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کا اہتمام 15 محرم الحرام یعنی 2 اگست کو نمازِ فجر کے بعد کیا جائے گا۔سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کے دوران مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو آبِ زم زم، عرقِ گلب اور مشک سے دھوئیں گے ۔ خانہ کعبہ کے فرش کو آبِ زم زم، عرقِ گلاب اور عود کے عطر سے دھویا جائے گا۔

مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو آبِ زم زم سے دھونے کے بعد ہاتھوں اور کھجور کے پتوں کی مدد سے خشک کیا جائے گا جبکہ سفید کپڑے کا استعمال دیواروں کو صاف کرنے کے لیے کیا جائے گا۔ غسلِ کعبہ کی یہ مقدس روایت نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے زمانے سے چلی آ رہی ہے۔ دریں اثنا مسجد نبوی کے امور کی ایجنسی نے عمرہ سیزن کے ساتھ مل کر اپنی خدمات تیز کر دی ہیں ۔

تربیت یافتہ اور تیار انسانی کیڈرز پر انحصار کرتے ہوئے زائرین کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایجنسی عمرہ سیزن کے دوران پہلے زائرین کی آمد کے ساتھ ہی مسجد نبوی صلی اﷲ علیہ وسلم میں اپنی روزمرہ کی کوششوں کو دوگنا کر دیتی ہے ۔