اٹلی: تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے سے 2 افراد ہلاک، 30 لاپتا

روم : اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا میں دو کشتیاں الٹنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 30 افراد لاپتا ہوگئے اور 30 سے زائد افراد کو بچالیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق اٹلی کے کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ جنوبی جزیرے لیمپیڈوسا سے دو لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور 57 افراد کو بچا لیا گیا ہے جہاں دو کشتیاں الٹنے کے بعد 30 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زندہ بچ جانے والوں کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی گئی ہے کہ تارکین وطن کی دو کشتیاں تیونس کے مہاجرین کو لے کر بندرگاہ سے روانہ ہوئی جو کہ یورپ جاتے ہوئے ڈوب گئیں۔حکام نے بتایا کہ بحری جہاز میں 48 اور دوسرے میں 42 افراد سوار تھے جہاں کوسٹ گارڈ نے لامپیڈوسا کے جنوب مغرب میں تقریباً 23 سمندری میل کے فاصلے پر زندہ بچ جانے والوں کے ساتھ ساتھ دو متاثرین کو نکالا۔کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے کہا کہ وہ صرف زندہ بچ جانے والوں کی تعداد اور دو لاشوں کی بازیابی کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

اطالوی گشتی کشتیوں اور این جی او گروپس کے ذریعے سمندر میں بچائے جانے کے بعد گزشتہ چند دنوں میں دو ہزار سے زیادہ لوگ لامپیڈوسا پہنچے ہیں جہاں تیز ہواؤں نے جزیرے کے ارد گرد کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ تقریباً 20 تارکین وطن ایک چٹان پر پھنس گئے ہیں جہاں ان کی کشتی لیمپیڈوسا پہنچنے پر چٹانوں سے ٹکرا گئی۔ این جی او گروپ اوپن آرمز نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر لکھا کہ دو دن سے زیادہ سمندر میں کشتی رانی کے بعد بالآخر 195 افراد کو بچایا گیا سمندری تارکین وطن کو جنوبی اطالوی بندرگاہ برندیسی میں اتارنا شروع کر دیا ہے۔