لاہور (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز سے ملاقات کی۔
پی سی بی کے مطابق اس ملاقات کا مقصد اس معاملے کو حل کرنا تھا جس کا تعلق ان ادائیگیوں سے تھا جو جنوری 2017 ء سے رکی ہوئی تھیں۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے اس موقع پر سرفراز نواز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ان کی تمام رکی ہوئی ادائیگیوں کا چیک حوالے کیا اور انہیں اپنی تمام تر حمایت کا یقین بھی دلایا۔