کراچی (اسٹاف رپورٹر)آج 14 اگست کو جشن آزادی پاکستان کے موقع پر گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے شاہراہ فیصل سے مزار قائد تک ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا ہے کہ ریلی کے دوران قومی پرچم عوام میں تقسیم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ شرکت کرنے والوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے 5 پلاٹ ، ایک کار ، 37 موٹر سائیکلیں، 10 لیپ ٹاپ،3 آئی فون 14، عمرے کے ٹکٹ اور کیش پرائز دئیے جائیں گے۔
ریلی کے انتظامات کے لئے گورنر سندھ کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی اقبال میمن، ڈپٹی کمشنر ایسٹ، پولیس افسران، آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ، جے ڈی سی کے ظفر عباس بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہری 14 اگست کی شام 5 بجے شاہراہ فیصل پرریلی میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور عالمی ریکارڈ کا حصہ بنیں، زیادہ تعداد میں اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہوں، کیونکہ ہمیں بھارت کے قومی ترانے کا ریکارڈ توڑنا ہے،جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کے لئے ریلی اور ثقافتی پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شاہراہ فیصل پر ریلی کے آغاز کے مقام اور مزار قائد کا دورہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 14اگست کو قومی ترانہ پڑھنے کا بھارتی ریکارڈ توڑیں گے، ملی نغموں کیلئے ایک اسٹیج بھی بنایا جائیگا، جبکہ ثقافتی پروگرام آرٹس کونسل کے صدر ترتیب دے رہے ہیں، اس کے علاوہ شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا، دنیا تک پیغام پہنچانا ہے کہ پاکستانی قوم ایک ہے، گورنر سندھ کے مطابق،نو مئی جیسے واقعات نے پاکستان کا امیج خراب کیا ہے، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ہر حال میں جاری رہیں گے، کم آمدنی والے افراد کے لئے ہیلتھ انشورنس کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔