بھارتی فوج کی نکیال سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ،شہری شہید،3 خواتین زخمی

اسلام آباد: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل اوسی کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں گاؤں اولی اور ضلع کوٹلی کا رہائشی 60 سالہ غیاث نامی شخص شہید ہوگیا جبکہ کھیتوں میں گھاس کاٹتے ہوئے 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت موجودہ سیز فائر مفاہمت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کو پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔