بٹگرام :چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے دوسری کیبل لگانے کا کام شروع کردیا گیا۔
عینی شاہد نور الہادی کا بتانا ہے کہ دوسری کیبل لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، دوسری کیبل لگا کر چھوٹی ڈولی میں ان افراد کو ریسکیو کیا جائے گا۔
نور الہادی نے کہا ہے کہ دوسری ڈولی لفٹ کی تنصیب میں دو سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
دوسری جانب چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک خطرناک مرحلہ درپیش ہو گیا تاہم فوری کنٹرول کر لیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو ہیلی کاپٹر کمانڈو کو رسی سے لٹکائے چیئرلفٹ کے قریب پہنچا تو وہ پنکھے کے پریشر کے سبب زور زور سے ہلنے لگی اور اس کے گرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔
کنٹرول روم سے خطرناک صورت پر ہیلی کاپٹر کو واپس بلا لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک رسی سے کافی دیر چیئرلفٹ لٹکنے کے سبب اس کے نیچے گرنے کا سنگین خدشہ بھی موجود ہے، زمین پر بھی کوشش کی جا رہی ہے کہ چیئرلفٹ اگر ٹوٹ کر گرے تو طلبا اور اساتذہ کی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔