لاہور،گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، بہاولنگر، حافظ آباد، کمالیہ، رحیم یار خان سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا، فائل فوٹو
لاہور،گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، بہاولنگر، حافظ آباد، کمالیہ، رحیم یار خان سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا، فائل فوٹو

بھاری بھرکم بجلی بلوں کیخلاف عوام تیسرے روز بھی احتجاج، سڑکیں بلاک

لاہور،گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، بہاولنگر، حافظ آباد، کمالیہ، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف مظاہرے کیے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

خانیوال جہانیاں روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا جہاں راستہ نہ ملنے پر ایک کار سوار نے ہوائی فائرنگ کر دی جبکہ عوامی اشتعال کے پیش نظر میٹر ریڈرز رہائشی علاقوں میں جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

گوجرانوالہ میں بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف بھرپور احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے واپڈا آفس کا گھیراؤ کر کے حکومت اور واپڈا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

نجی ٹی وی کےمطابق بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں۔ گوجرانوالہ کے نوکھر چوک میں شہری اکٹھے ہو گئے اور شدید احتجاج کیا۔ شہریوں نے واپڈا آفس کا گھیراؤ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

مظاہرین نے گوجرانوالہ حافظ آباد روڈ کو بلاک کر دیا جس سے گوجرانوالہ سے حافظ آباد ، نوشہرہ جانے والی ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی۔ میلوں لمبی لائنیں لگنے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین نے حکومت سے بجلی کے اضافی نرخوں میں فوری کمی کا  مطالبہ کیا۔

دووسری طرف بہاولپور میں بھی بجلی کے نرخوں میں اضافے کیخلاف شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے سندھ اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کردی جس کی وجہ سے کراچی موڑ ہائی وی پر گاڑیوں کی دور دور تک لمبی قطاریں لگ گئیں۔