سپریم کورٹ میں تاریخ رقم،سہرا چیف جسٹس کے سر، فردوس عاشق

لاہور:  استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں تاریخ رقم ہوئی ہےجس کا سہرا چیف جسٹس کے سر ہے۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی براہ راست نشریات چیف جسٹس کی بے باکی کا مظہر ہے۔پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی براہ راست سماعت ملکی مفاد سے وابستہ ہے۔

گزشتہ روزانہوں نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی براہ راست سماعت پر رد عمل میں مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے مابین توازن ہی جمہوریت کی اصل شکل ہے۔ پارلیمان اور عدلیہ میں جس قدر ہم آہنگی ہو گی نتائج اتنے ہی اچھے ہونگے، بطور طالبعلم ہمیشہ قانون سیکھنے اور اسکا احترام کرنے کی کوشش کی ہے۔ پارلیمان کیلئے آزادانہ قانون سازی کرنے اور عملدرآمد کے عمل کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے، ہمیں ایک بار پھر ملک کی آئینی و قانونی تقدیر اپنے ہاتھ سے لکھنے کا موقع ملا ہے، وسیع تر ملکی مفاد کی خاطر اس موقع کو ہر گز ضائع نہیں ہونے دینا چاہئے، مستقبل کے ملکی سیاسی منظر نامہ کا دارومدار اسی کیس کے فیصلے پر ہو گا۔