اسلام آباد: احمد آباد میں دہشتگردی کے خدشے کے حوالے رپورٹس کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے اہم مطالبہ کر دیا ۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ میزبان ملک ہماری کرکٹ ٹیم کو عالمی کپ میں تحفظ فراہم کرے، سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔ عالمی کپ میں پاکستانیوں کو ویزوں کے اجراکے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں، بطور میزبان بھارت پاکستانی شائقین کے عالمی کپ دیکھنے میں رکاوٹیں نہ ڈالے، امید کرتے ہیں پاکستانیوں کو عالمی کپ کرکٹ دیکھنے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے، بھارت سیاست کو کھیلوں کے ساتھ مکس نہ کرے۔
مسئلہ کشمیر سے متعلق سوال پر ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا بھارتی قابض فوج کا جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے، ستمبر میں 13 بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا گیا، بھارتی مظالم جنیوا کنونشن، اقوام متحدہ انسانی حقوق کی سرعام خلاف ورزی ہیں، بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل پراپیگنڈے میں ملوث ہے، بھارت خود پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔