اسلام آباد(اُمت نیوز)اسرائیل کے غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں ۔ اسرائیل نے شمالی غزہ کے 11 لاکھ رہائشیوں کو 24 گھنٹے میں علاقہ خالی کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔
اسکاٹش وزیراعظم حمزہ یوسف کی اہلیہ نادیہ النکلہ کی والدہ الزبتھ اور والد میجڈ النکلہ اور فیملی کے دیگر افراد غزہ میں پھنسے ہیں۔ اسکاٹش وزیراعظم حمزہ یوسف نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی ساس کا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ الزبتھ النکلہ ہیں۔ جو میری ساس ہیں اُنہوں نے لکھا کہ غزہ کے لوگوں کی اکثریت کی طرح الزبتھ کا بھی حماس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہیں غزہ چھوڑنے کے لیے کہا گیا ہے لیکن باقی آبادی کی طرح وہ بھی پھنسی ہوئی ہیں اور ان کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے
ویڈیو پیغام میں الزبتھ خاصی جذباتی اور فکر مند دکھائی دے رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے، 10 لاکھ افراد سخت مشکلات میں ہیں۔ انھوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ لوگ نقل مکانی کررہے ہیں، ہوسکتا ہے یہ ہمارا آخری ویڈیو پیغام ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ ہسپتالوں میں بھی لوگ ہیں انھیں کیسے نکالیں گے۔ کہاں ہے انسانیت ہر طرف لوگ پریشان ہیں لوگوں کے پاس کھانا نہیں ہے بجلی اور ایندھن بھی نہیں ہے لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ کے پاکستانی نژاد وزیراعظم حمزہ یوسف کی اہلیہ نے جمعرات کو اچانک ایک انٹرویو بیچ میں ہی رکوا دیا اور پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی تھیں، انہیں دورانِ انٹرویو خبر ملی تھی کہ غزہ میں ان کے اہل خانہ جس گھر میں مقیم تھے اس پر بمباری کی گئی ہے۔