بنگلورو (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست ماضی کا حصہ، بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا۔
بنگلورو کے چنا سوامی سٹیڈیم میں نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں نواز نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں 6، 7 میچز سے ان سے اچھی پرفارمنس نہیں ہو رہی، بھارت کے خلاف میچ میں شکست ماضی کا حصہ بن گئی، ہمیں یہ سب بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا، بھارت کے خلاف میچ میں سب کی امیدیں بڑھ جاتی ہیں۔
آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کو اس میچ میں بڑی توقع ہوتی ہے کیونکہ بڑا میچ ہوتا ہے، اس میچ میں جو اچھا کھیلے وہ ہیرو بن جاتا ہے، جس طرح ہم بھارت سے ہارے اس پر تنقید تو ہونا تھی اور غصہ بھی آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں صرف بھارت کو شکست دینے نہیں پہنچی، ابھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا، 6 میچز باقی ہیں، آسٹریلیا کے خلاف جیت کر اعتماد بحال کریں گے۔