جدہ: اسلامی تعاون تنطیم(او آئی سی) کے رکن 57 میں سے 42 ممالک جن میں زیادہ تر عرب ممالک شامل ہیں وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کو دکھانے کے لیے ٹی وی چینلز پر براہ راست نشریات دکھائیں گے۔مصری ویب سائٹ اجیپٹ ٹوڈے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کی ریڈیو اور ٹی وی سے متعلق کمیٹی کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان اور عرب ممالک کے متعدد سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز فلسطین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کے ٹیلی وژن اور ریڈیو نیٹ ورک کے تعاون سے براہ راست نشریات دکھائیں گے۔دنیا بھر کے عرب ممالک اور مسلمان ممالک کے ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز 21 اکتوبر کو دوپہر کو ایک گھنٹے کے لیے فلسطینی صورتحال پر براہ راست نشریات دکھائیں گے۔ مذکورہ نشریات کو اسلامی تعاون تنظیم کی میڈیا سے متعلق ذیلی کمیٹی کے ارکان ممالک کے ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز نشر کریں گے۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ نشریات کو پاکستان میں کون سے چینل اور ریڈیو اسٹیشنز نشر کریں گے۔ تاہم ممکنہ طور پر اسے سرکاری ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔