سابق چینی وزیراعظم چل بسے، صدر ،وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس

شنگھائی: چین کے سابق وزیراعظم لی کی چیانگ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ غیرملکی خبررساں اداررے کے مطابق 68 سالہ لی چیانگ نے رواں سال مارچ میں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ وہ شنگھائی شہر میں آرام کر رہے تھے کہ اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے باعث ان کی موت ہوگئی۔

لی چیانگ کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان آج ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا، لی کھا چیانگ پاک چین اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کے بڑے حامی اورایک ویژنری رہنما تھے۔ انتقال کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا، پاکستانی عوام کی جانب سے لی کھا چیانگ کے خاندان، چینی عوام اور قیادت سے غم کی اس گھڑی میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ دریں اثناء نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ٹویٹ میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لی چیانگ پاکستان کے عظیم دوست تھے۔دکھ کی اس گھڑی میں ہمارے جذبات اور ہمدردیاں چیانگ کے خاندان اورچینی قوم کے ساتھ ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔