مقتول کو تین گولیاں لگیں، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، فائل فوٹو

کراچی میں پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک

کراچی: سعود آباد کے علاقے میں پولیس اور ڈکیتوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈکیت موقع پر مارے گئے جبکہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور 2 راہ گیر شہری بھی زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح سعود آباد تھانے کے علاقے میں جمعہ بازار کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار اور 2 راہ گیرشدید زخمی ہوگئے، زخمی پولیس اہلکار اور راہ گیر شہریوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقابلے میں مارے جانے والے ڈکیتوں کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، پرس اورچھینے ہوئے 32 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں، مقابلے میں مارے گئے ڈکیتوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔

ایس ایچ اوسعود آباد نے بتایا کہ مسلح ڈکیتوں نے پولیس کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس میں 4 ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے،ایک پولیس اہلکار حنیف اور 2 راہ گیر شہری بریر عباس اور زاہد حسین  زخمی ہوگئے جنہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔