لاہور (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی، نامور تبصرہ نگار اور وائس پریزیڈنٹ سنو نیوز رمیز راجا کا پروگرام سپورٹس آن میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فخر زمان کی شاندار اننگز سے رن ریٹ میں بہتری آئی ہے، اگر پاکستان کی ٹیم اسی طرح کھیلتی رہی اور اگر ان کا دن ہوا تو یہ ٹیم نیوزی لینڈ کو بھی لپیٹ سکتے ہیں، پاکستان ہمیشہ سے اپنے اوپر مشکلات ڈال کر بعد میں اٹھنے کی کوشش کرتا ہے جب پانی سر سے گزجاتا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کی سوچ کی بجائے اپنے تمام میچز جیتنے پر فوکس رکھنا چاہیے، فخر زمان کو باہر بیٹھانا ان کیلئے بہتر تھا تا کہ وہ اپنی غلطیوں کو جانچ سکیں اور سیکھ کر دوبارہ کم بیک کریں جس طرح کل کیا، جس انداز سے فخر نے واپسی کی ہے اس سے نیٹ رن ریٹ بھی بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد وسیم نے اچھی بائولنگ کی ہے ان کی ریورس سے مخالف بیٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر ابھی بھی پاکستان کے بائولنگ اٹیک کو بہتری چاہیے،اچھی ٹیم ٓپ کو موقع نہیں دیں گی ۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 31 ویں میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی واپسی کی تھی۔ پاکستان نے 205 رنز کا ہدف 32 اوور میں حاصل کر لیا تھا، فخر زمان 81 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرکے گرائونڈ کے چاروں اطراف بائونڈریاں لگائیں۔ عبداللہ شفیق 68 بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان بابراعظم 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان نے ناقابل شکست 82 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 7 چھکے شامل ہیں۔ محمد رضوان 26 جبکہ افتخار احمد 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے 4 میچز میں مسلسل شکست کے بعد ورلڈ کپ میں تیسری فتح حاصل کرلی ہے۔
پاکستان کی جانب سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر تنزید حسن کو صفر پر آئوٹ کرکے ون ڈے میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرلی اور وہ تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے گیند باز بن گئے۔
بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان شکیب الحسن نے 43 رنز پر حارث رئوف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔
بنگال ٹائیگرز کی جانب سے محمود اللہ نے واحد نصف سنچری اسکور کی۔ بنگلا دیش کے سات بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے۔ شاہین شاہ آفریدی اور وسیم جونئیر نے 3 3، حارث روئوف 2 جبکہ اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی