بے رحم اسرائیلی فوجیوں کی بربریت جاری، مزید 196 فلسطینی شہید

غز: اسرائیلی فوج کی  28 ویں روز بھی  بربریت جاری رہی۔ بمباری میں شدت آگئی ہے۔ مزید 196 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 9257 ہوگئی۔ شہدا میں 3826 بچے اور 2405 خواتین شامل ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے بیت لاھیا میں بڑی تباہی پھیل گئی۔اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ کے بعد البریج پناہ گزین کیمپ پر بھی بمباری کردی۔ اسرائیل نے شاطئی کیمپ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول کو بھی نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے القدس ہسپتال کے قریب بھی بم برسائے۔ اسرائیلی جارحیت میں فلسطین کے صحافی محمد ابوحطب، ان کی بیوی،بیٹے اوربھائی سمیت 11اہل خانہ شہید ہوگئے۔ صیہونی فورسز نے الشفا اسپتال سے نکلنے والے ایمبولینسز قافلے پر حملہ کر کے بچوں اور خواتین سمیت 14افراد کو شہید کر دیا۔ا سرائیلی فوج کی جانب سے پورے غزہ شہر کا محاصرہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے بعد زمینی فوج کی بڑی کارروائی کا خدشہ ہے۔ القسام بریگیڈز نے غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں گھسنے والی صہیونی افواج کا مقابلہ جاری رکھا۔ آپریشن ’’ طوفان الاقصیٰ‘‘ کے نام سے حماس کے عسکری ونگ نے اسرائیل کے ٹھکانوں، بستیوں دیگر مقامات پر راکٹ باری کی۔ جمعہ کو القسام مجاہدین نے علاقے "ایرز” کے مغرب میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ کی۔

اسرائیلی گاڑی کو راکٹ سے نشانہ بنایا۔ القسام جنگجوؤں نے بیت لاھیا کے شمال مغرب میں ایک عمارت میں چھپے اسرائیلی فورسز کے اہلکاروں پر گولہ باری کی۔ القسام بریگیڈ نے بیت لاھیا کے شمال مغربی علاقے ’’ امریکیہ‘‘ میں کارروائی کی ۔ حماس کی حالیہ کارروائیوں میں اسرائیلی افسر سمیت 19ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔ حماس نے کہا ہے کہ غزہ کے اندر جھڑپوں میں 24 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کی تعداد241ہو گئی ۔ 7اکتوبر سے اب تک 338اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے اور القدس میں کارروا ئیاں کرکے 9 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کو پھر مسجدِ اقصیٰ میں نمازِ جمعہ ادا نہ کرنے دی۔ داخل ہونےکی کوشش کرنے والے نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ہے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان نے 14.3 ارب ڈالرز کا اسرائیل ایڈ بل منظورکرلیا۔ ایران نے غزہ کی پٹی میں البریج پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی حملوں سے پناہ گزین کیمپ کی تباہی بڑے پیمانے پر قتل عام اور جرائم کے ارتکاب واضح عکاسی ہے ۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا فلسطین میں انسانی تباہی کا سلسلہ رکنا چاہیے ۔ دو ریاستی حل کے لئے ٹائم ٹیبل اور روڈ میپ تیار کیا جا ئے۔ جلد از جلد بین الاقوامی امن کانفرنس بھی بلائی جا نی چاہیے تاکہ دو ریاستی حل کو دوبارہ شروع کرنے اور اس پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک نئے اتفاق رائے تک پہنچا جا سکے اور اس مقصد کے لئے ایک مخصوص ٹائم ٹیبل اور روڈ میپ تیار کیا جا سکے۔ امریکی اخبار نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے شمالی کوریا کے حکام کو فلسطین کی حمایت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے فلسطین کی حمایت کے احکامات کے بعد خدشہ ہے کہ وہ حماس کو ہتھیار فراہم کرنے پر بھی غور کر سکتا ہے۔

اسرائیل حماس تنازع حل کرنے کا مشن لے کر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن دوسری بار اسرائیل پہنچ گئے۔ پانچ عرب ممالک سعودی عرب، اردن، مصر، قطر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ آج عمان میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں فلسطینی اتھارٹی کا مندوب بھی شریک ہوگا۔