مغربی یورپ میں سمندری طوفان ’سیاران‘ کی تباہی، 12 افراد ہلاک

ٹسکنی (اُمت نیوز)مغربی یورپ میں سمندری طوفان سیاران کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ مختلف شہروں میں متعدد حادثات میں 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ طوفان سے جہاں سمندر میں طغیانی آئی وہاں موسلادھار بارش کے بعد دریاؤں کے کٹاؤ سے بھی شہریوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے حکام نے کہا ہے کہ وسطی علاقے ٹسکنی میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ٹسکنی کے گورنر یوجینیو گیانی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک 85 سالہ شخص بھی شامل ہے جو فلورنس کے شمال مغرب میں مونٹیمورلو میں اپنے گھر کی نچلی منزل پر ڈوب کر ہلاک ہوا تھا۔
فلورنس کے میئر ڈیریو نارڈیلا نے کہا کہ شہر میں صورتحال نازک ہے کیونکہ دریائے ارنو کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔
یورپ میں تیز ہواؤں کی وجہ سے درختوں کے گرنے سے زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں۔ بیلجیئم کے شہر گینٹ میں ایک پانچ سالہ یوکرینی لڑکا اور ایک 64 سالہ خاتون درخت کی بڑی شاخیں گرنے سے جان سے گئیں۔
اس سے قبل شمالی فرانس کے علاقے آئسنے میں درخت گرنے سے ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا اور فرانسیسی حکام نے بندرگاہ والے شہر لی ہیور میں اپنی بالکونی سے گرنے والے ایک شخص کی موت کی بھی اطلاع دی تھی۔