تل ابیب : امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فراہم کیا گیا دفاعی نظام بری طرح ناکام ہوگیا۔اسرائیل کے دفاعی نظام ’’ آئرن ڈوم‘‘ نے تل ابیب پر ہی راکٹ گرا دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں اسرائیلی دفاعی نظام سے فائر ہونے والے میزائل کو یو ٹرن لے کر تل ابیب پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میزائل گرنے سے پراپرٹی کا نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسرائیل نے 10 مختلف مقامات پر دفاعی نظام نصب کررکھا ہے۔ دوسری طرف امریکہ میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے ہتھیار لے جانے والے امریکی فوجی بحری جہاز کو روک دیا ۔سینکڑوں مظاہرین نے واشنگٹن میں ٹاکوما کی بندرگاہ پر فوجی سپلائی جہاز کو روکنے کے لیے ریلی نکالی ۔ مظاہرین نے کہا ہم غزہ جنگ بندی چاہتے ہیں۔ انہوں نے قتل عام بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ٹاکوما میں کیپ اور لینڈو کہلانے والے جہاز کو ہر عمر کے مظاہرین کا سامنا کرنا پڑا ۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پینٹاگون کے ترجمان جیف جورگنسن نے کہا ہے کہ یہ جہاز درحقیقت امریکی فوجی کارگو کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف نیویارک میں یہودیوں نے سیاہ لباس پہن کر مظاہرہ کیا۔ سینکڑوں یہودیوں نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھائی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔انہوں نے انوکھے انداز میں احتجاج کرتے ہوئے آزادی کی علامت سمجھے جانے والا لبرٹی کا مجسمہ بھی اٹھائے رکھا تھا.
چلی میں فلسطینی نژاد شہریوں نے غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا۔ چلی میں اس وقت 5 لاکھ سے زائد فلسطینی مقیم ہیں۔ جاپان میں بھی مظاہرے کئے گئے اور اسرائیل سے غزہ میں حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے آسٹریلوی سینیٹر نے پارلیمان سے واک آؤٹ کردیا۔ یونان اور آیرلینڈ میں فلسطین کے نہتے عوام کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ صیہونی حکومت کے خلاف پابندیاں لگانے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی دبا وبڑھانے کا مطالبہ کیا گیا۔