ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، فائل فوٹو
 ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، فائل فوٹو

مختلف شہروں میں بارش،پہاڑوں پر برفباری،موسم سرد

 

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطلی ہوگئی۔دیر کے سیاحتی مقام باڈگوئی ٹاپ اور جمرود میں برفباری، سوات،مظفرآباد، کمراٹ، تھل، اٹک میں بارش اور نوشہرہ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔باڈگوئی کے قریب ٹریفک برفباری سے بند ہوگئی، کئی سیاح واپس کمراٹ لوٹ گئے،گزشتہ روز راولپنڈی ،اسلام آباد،مری میں بادل جم کر برسے۔لاڑکانہ،گھوٹکی، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے بعدسموگ کے بادل صاف ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہوگیا، سہ پہر سے راولپنڈی اسلام آباد میں کالی گھٹائوں کا راج رہا، جبکہ مری میں بھی موسلا دھار بارش نے موسم سرد کردیا ، سیاح بھی موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے مری پہنچ گئے،اٹک میں تیز بارش کے علا وہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ، سردی نے شہریوں اور سیاحوں کو گرم ملبوسات زیب تن کرنے پر مجبور  کر دیا ۔ادھر مظفرآباد شہر میں اچانک بارش سے شہر اور نواحی علاقے سردی کی لپیٹ میں آگئے، سردی کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں موجود ہے، پنجاب، کے پی، کشمیر گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، بارش کا سلسلہ آج دوپہر تک جاری رہیگا۔

پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھا ئے رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا تاہم مغربی بلوچستان، جیکب آباد اورفیصل آباد میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش بلو چستان میں قلات09،بارکھان 05، کوئٹہ(شیخ ماندا02)، دالبندین01، سندھ میں جیکب آباد 06اور پنجاب میں فیصل آباد میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں بارش کی نوید سنا دی۔ شہرمیں ائیر کوالٹی انڈیکس 459 ریکارڈ کیاگیا جو انتہائی خطرناک ہے جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔ شدید دھند کے باعث موٹرویز ایم فور، ایم فائیوبند رہیں ۔ بعد ازاں حد نگاہ میں بہتری پر کھول دی گئیں۔