سائفر کیس کی سماعت شروع، مزید 3 سرکاری گواہان پیش کیے جائینگے

اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کا آغاز ہوگیا ہے۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل میں کر رہے ہیں، اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمودقریشی کو کمرہ عدالت پہنچا دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی، شاہ خاور، رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوگئے جب کہ پی ٹی آئی چیرمین کی جانب سے سلمان صفدر، علی گوہر، عمیر نیازی بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔

سائفر کیس کی سماعت کے لئے شاہ محمود قریشی کی اہلیہ اور بیٹی اڈیالہ جیل ٓپہنچ گئی ہیں اور سابق وزیر خارجہ کی جانب سے بیرسٹر تیمور ملک اور فائزہ شاہ عدالت میں پیش ہیں۔

شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُمید ہے آج ہمیں سماعت میں شامل ہونے کی اجازت مل جائے، اس حوالے سے ہم نے ہائی کورٹ سے درخواست کی، لہٰذا امید ہےآج جج صاحب اجازت دیں گے اسی لئے ہم آئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر وزرات خارجہ کے 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کیئے گئے تھے، عمران خان اور شاہ محمود کے وکلاء نے سرکاری گواہان پر جرح مکمل کی تھی۔

اب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مزید 3 گواہان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔