کولکتہ(اُمت نیوز)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کیلئے سیمی فائنل کی لائن اَپ مکمل ہوگئی۔
انگلینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ نے چوتھی پوزیشن کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کیلئے انگلینڈ کا 338 رن کا ہدف 6.4 اوور میں پورا کرنا تھا جو کسی صورت ممکن نہیں تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے باضابطہ طور پر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل بدھ 15 نومبر کو انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 1:30 پر شروع ہونگے۔