اسرئیلی جارحیت جاری: شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار تجاوز

غزہ میں اسرائیلی بمباری اور زمینی جارحیت 39 ویں روز بھی جاری رہی۔صہیونی فورسز کے طیارے بارود برساتے رہے اور زمینی فوج نے بھی بربریت جاری رکھی۔ مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11240 سے بھی بڑھ گئی ہے۔ القسام بریگیڈز اور اسرائیل کے درمیان غزہ شہر کے ارد گرد شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ اس نے ایک مسجد کے اندر آپریشن کیا جہاں ایک سرنگ ملی ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے حماس کے تقریباً 200 ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔ صہیونی قابض فوج نے چھاپہ مار کارروائیاں بھی تیز کردی ہیں۔ منگل کو دیر البلح میں اسرائیلی بمباری میں ایک شہری شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے جبالیا پناہ گزین کیمپ پر بمباری کرکے 31 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔پناہ گاہ بنے سکول پر بمباری میں 17 فلسطینی شہید ہوگئے۔ خان یونس اور اطراف کی گئی بمباری میں کئی افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں فلسطینی پارلیمنٹ اور حماس کے زیر انتظام دیگر حکومتی اداروں پر قبضہ کر لیا ہے۔ بیان کے مطابق فوجی دستوں نے حماس کی پارلیمنٹ ، حکومتی عمارات ، پولیس ہیڈ کوارٹرز اور انجینئیرنگ فیکلٹی جو اسلحہ سازی کے ادارے کے طور پر کام کرتا ہے پر قبضہ کر لیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ایندھن کی قلت، حملوں اور عدم تحفظ کی وجہ سے غزہ میں 36 میں سے 22 ہسپتال غیر فعال ہیں، یہ تعداد 50 فیصد سے زائد بنتی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں سری لنکا کی پارلیمنٹ کے 225 ارکان میں سے 159 نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکولوں میں پناہ لینے والے غزہ کے باسیوں کو اب ایک نئی پریشانی کا سامنا ہے جب کہ شدید بارشوں کی وجہ سے ان کے خیمے زیر آب آنے لگے ہیں۔پناہ گزینوں نے کہا ہے کہ وہ اگر ہمارے بچے جنگ سے نہ بھی مریں تو وہ سردی اور بھوک سے مر جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ایڈمنسٹریٹر نے کہا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کےکمپاؤنڈ کو خالی کرنے کے 48 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں دوسری بار گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ غزہ کے الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابوسلمیہ کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال میں موجود 179 لاشوں کو ہسپتال کے کمپاؤنڈ میں اجتماعی قبر میں دفنایاگیا ہے۔ ہسپتال کےکمپاؤنڈ میں دفن کیے جانے والوں میں آئی سی یو میں مرنے والے 7 شیر خوار بچے اور 29 مریض بھی شامل ہیں جو ایندھن نہ ہونے کے سبب دم توڑ گئے تھے۔

فلسطینی وزارت صحت نے منگل کو بتایا کہ الشفا ہسپتال کے اندر 650 مریض، 500 عملے کے افراد اور ڈھائی ہزار کے قریب بے گھر افراد موجود ہیں۔گزشتہ 3 روز کے دوران الشفا ہسپتال کے کم از کم 32 مریض شہید ہوچکے ہیں، جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کے الشفا اسپتال کو بچانا ہوگا، اس معاملے پر اسرائیلی حکام سے رابطے میں بھی ہوں۔ پیر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اسرائیلی فوج غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے دروازوں تک پہنچ گئی ہے ۔حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے 5 دن کی جنگ بندی کے بدلے 70 یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کر دی۔ عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام جاری کر دیا۔