کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کراچی کی عدالت نے اورنگی ٹاﺅن میں تاجر کے گھر پولیس کی ڈکیتی کے کیس میں گرفتار ملزم عمیر طارق بجاری کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیاجبکہ گرفتارمزید3ملزمان کو 26 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیاہے ۔جمعہ کوگرفتار ڈی ایس پی عمیر طارق سمیت 4 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت میں تفتیشی افسر سے سوال کیاکہ ملزم عمیر بجاری سے ان د دنوں میں کیا تفتیش کی۔
تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ عمیر بجاری کی مدد سے دو تین جگہوں پر چھاپے مارے ہیں اور مزید تفتیش کر رہے ہیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ کیا آپ نے ایس ایس پی عمران قریشی سے تفتیش کی؟تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ کل عمران قریشی سے تفتیش کا ایک سیشن کیا ہے،ملزم عمران قریشی سے انویسٹی گیشن کے بعد ہی ان تینوں ملزمان کو گرفتار کیا۔عمیر بجاری کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ عمران قریشی کی نشاندہی پر 3 ملزمان گرفتار کئے لیکن انہیں کچھ نہیں کہا گیا۔عدالت نے تفتیشی افسر سے ملزمان سے تفتیش سے متعلق ڈائری اور بیان طلب کرلئے اورعدالت میں بیان اور ڈائری پیش کرنے کی ہدایت کی۔