اسلام آباد: ملک میں حج درخواستوں کی وصولی آج 27نومبر بروزپیرسے 15 بینکوں میں شروع ہوگی۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی 12 دسمبر تک جاری رہےگی،2024میں تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے، خواتین پہلی بار محرم کے بغیر حج ادا کرسکیں گی۔اعلامیے کے مطابق مقررہ تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونےکی صورت میں قرعہ اندازی کی جائےگی۔
اسپانسرڈ شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواستیں ڈالرز کے ہمراہ بیرون ملک سے جمع کرانا ہوں گی۔ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواست دہندہ یا ان کے عزیز و رشتہ دار قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کیلئے 15 بینکوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، حج درخواستیں دسمبر 2024 تک کارآمد شناختی کارڈ پر جمع کرائی جاسکتی ہیں۔