سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ فائل فوٹو
سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ فائل فوٹو

العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز کی سماعت29 نومبر تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم و سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت بدھ 29 نومبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ سماعت کی، سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز پیش ہوئے، امجد پرویز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر دلائل کا آغاز کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ یہ جو حقائق آپ نے دیے ہیں کیا یہ ریفرنس دائرہونے سے پہلے کے ہیں؟ امجد پرویز نے جواب دیا کہ 3 حقائق ریفرنس سے پہلے کے ہیں، باقی بعد کے ہیں۔

امجد پرویز نے 20 اپریل 2017 کے سپریم کورٹ کے پانامہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی پر پانامہ جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی، 2017 میں سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔

امجد پرویز نے عدالت کو جے آئی ٹی کی تشکیل اور اراکین کے حوالے سے آگاہ کیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا اس کا کوئی اسکوپ ہے؟ امجد پرویز نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی تشکیل اپنی معاونت کے لیے دی تھی، جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ 10 جولائی 2017 کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔

امجد پرویز نے عدالت کو مزید بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ 12 والیمز پر مشتمل تھی، جے آئی ٹی کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد فریقین کو دلائل کے لیے بلایا گیا، دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد پاناما کیس کا حتمی حکم نامہ 28 جولائی 2017 کو جاری ہوا، حکم نامے کے مطابق نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ نے واضح طور پر کیا احکامات جاری کیے تھے؟ کیا سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو کوئی احکامات جاری کیے تھے؟ جس پر امجد پرویز نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ نے نیب کو مثبت احکام دیے کہ نواز شریف کے خلاف ریفرنسز دائر کیے جائیں۔

وکیل نواز شریف نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف، مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا، نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف سپریم کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

امجد پرویز نے عدالت کو مزید بتایا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق نیب نئے شواہد سامنے آنے پر ضمنی ریفرنس بھی دائر کر سکتا ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات اور ریفرنسز دائر ہونے کے درمیان کیا ہوتا رہا؟ کیا تینوں ریفرنسز ایک ہی دن دائر کیے گئے؟

امجد پرویز نے جواب دیا کہ تینوں ریفرنسز ایک ہی دن دائر کیے گئے تھے، 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کا فیصلہ سنایا، نیب ریفرنسز ستمبر میں دائر ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ جب ریفرنسز دائر ہوئے تو کیا نواز شریف ملک میں موجود تھے؟ امجد پرویز نے جواب دیا کہ ریفرنسز دائر کیے جانے کے وقت نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ برطانیہ میں تھے، 19 اکتوبر 2017 کو ریفرنسز میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا صرف ایون فیلڈ میں فرد جرم ہوئی یا تینوں میں؟ امجد پرویز نے جواب دیا کہ ویسے تو تینوں ریفرنسز میں ایک ہی دن فرد جرم ہوئی، بعد میں ریفرنسز کو الگ الگ چلایا گیا، ہمیں استغاثہ کی طرف سے والیم 10 کی کاپی نہیں دی گئی۔

چیف جسٹس نے مزید استفسار کیا کہ ٹرائل کے دوران والیم 10 میں سے کچھ تو دستاویزات ریکارڈ پر آئی ہوں گی؟ امجد پرویز نے جواب دیا کہ والیم 10 میں سے کوئی دستاویزات ریکارڈ پر نہیں لائی گئیں، جرح کے دوران کچھ سوالات کے جواب ضرور دیے گئے۔

نواز شریف کے وکیل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب نے یکم اگست کو معاملہ تفتیش کے لیے ڈی جی نیب لاہورکو بھیجا، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‏سپریم کورٹ نے ریفرنس دائرکرنے کا کہہ دیا تو معاملہ تفتیش کے لیے کیوں بھیجا گیا؟

امجد پرویزنے مؤقف اپنایا کہ ‏ہم نے نیب سے یہ پوچھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تفتیش کیوں کر رہے ہیں؟ ‏نیب نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ‏کیا یہ کہیں تحریری طور پر موجود ہے؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ ‏جی بالکل، تحریری طور پر یہ بیان موجود ہے، ‏نیب نے 8 ستمبر کو ایون فیلڈ ریفرنس دائر کیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف ایک ریفرنس میں بری بھی ہوئے تھے۔

پراسیکوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ ‏احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کیا تھا، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ ‏کیا نیب نے بریت کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے؟

پراسیکیوٹر نیب نے فوری جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ‏اپیل دائر ہے لیکن نوٹس نہیں ہوئے اور وہ آج سماعت کے لیے مقرر بھی نہیں ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ‏کیا ٹرائل کے دوران والیم دس سے کسی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا۔

جسٹس حسن اورنگزیب نے دریافت کیا کہ آپ نے کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی بھی ایک درخواست دائر کی تھی، جس پر امجد پرویز نے بتایا کہ ‏احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک ریفرنس پر فیصلہ سنایا تھا، ‏فیصلے کے بعد دیگر ریفرنسز دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دی تھی۔

امجد پرویز نے مؤقف اپنایا کہ اس عدالت میں درخواست زیر سماعت ہونے کے دوران ہی جج محمد بشیر نے کیس سننے سے معذرت کر لی تھی۔

وکیل نواز شریف امجد پرویز نے بتایا کہ نیب نے جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر ریفرنسز دائر کر دیے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کہ کیا نیب نے کہیں اپنا مائنڈ استعمال کرتے ہوئے بھی کچھ کیا؟۔

امجد پرویز نے دلائل دیے کہ نیب نے نواز شریف کو ایک کال اپ نوٹس بھیجنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، نیب نے ضمنی ریفرنس میں کچھ مزید شواہد ریکارڈ پر لائے، نیب نے میاں نواز شریف کے قوم سے خطاب کا ٹرانسکرپٹ قبضے میں لیا، نیب نے مریم، حسن اور حسین نواز شریف کے بیانات کا ٹرانسکرپٹ قبضے میں لیا۔

نواز شریف نے وکیل نے مزید بتایا کہ نیب نے کیلبری فونٹ سے متعلق ایکسپرٹ رابرٹ ریڈلے کا بیان شامل کیا، نیب نے گواہوں کے بیانات کے علاوہ کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے۔

نواز شریف کے وکیل نے ایون فیلڈ ریفرنس میں عائد کی گئی فرد جرم کا متن پڑھ کر سنایا۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ‏نواز شریف نے چارج فریم ہونے کے بعد صحت جرم سے انکار کیا، ‏احتساب عدالت نے فرد جرم کے بعد نیب سے شہادتیں طلب کر لیں، وکیل نیب نے ایک ابتدائی تفتیشی رپورٹ جمع کرائی اور بعد میں ضمنی تفتیشی رپورٹ دی۔

نواز شریف کے وکیل نے مزید بتایا کہ ‏ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں صرف سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا تھا، ‏نیب نے ٹی وی انٹرویوز پیش کیے، نواز شریف کی اسمبلی فلور پر کی گئی تقریر کا حوالہ دیا، ‏ایک گواہ رابرٹ ریڈلے کو پیش کیا جو نواز شریف کی حد تک کیس میں متعلقہ گواہ نہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے صرف ڈاکیے کا کام کیا یا خود سے کوئی تفتیش بھی کی؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ ‏نیب نے صرف ڈاکیے کا ہی کام کیا، اپنی طرف سے کوئی تفتیش نہیں کی، بلکہ نواز شریف کو صرف جے آئی ٹی میں دیئے گئے بیان کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا۔

امجد پرویز نے دلائل دیے کہ نیب کے کال اپ نوٹس میں تفتیش سے متعلق کچھ نہیں ہے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا تو نیب نے اپنی طرف سے الگ سے کوئی تفتیش نہیں کی؟۔

امجد پرویز نے جواب دیا کہ جی بالکل، نیب نے صرف جے آئی ٹی کے سامنے بیان کی تصدیق چاہی، نیب نے نواز شریف کو خود سے کوئی سوالنامہ نہیں دیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے عدالت سے نواز شریف کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہر پیشی پر سیکیورٹی مسائل ہوتے ہیں، نواز شریف کو استثنیٰ دے دیجیے، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ آپ استثنیٰ کی درخواست دیں، پھر ہم دیکھیں گے، ایسے تو ہم نہیں کہہ سکتے۔

بعد ازاں، عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت پرسوں بروز بدھ (29 نومبر) تک ملتوی کر دی۔