اسرائیل(اُمت نیوز)اسرائیل کے دورے پر موجود ایکس مالک ایلون مسک کو ایک یرغمالی کے والد کی جانب سے علامتی ڈاگ ٹیگ تحفے میں دیا گیا ہے جس پر ’غزہ میں ہمارے دل یرغمال ہیں‘ کندہ ہے۔ مسک نے کہا کہ وہ ہرروز کتے کا ٹیگ پہنیں گے جب تک کہ آپ کے پیاروں کو رہا نہیں کر دیا جاتا۔
ڈاگ ٹیک فوج کی پرنسپل ائیڈینٹیفکیشن ڈسک کو کہا جاتا ہے جس پر فوجی کا نام اور شناخت کی دیگر معلومات درج ہوتی ہیں۔ فوجی اسے اپنے گلے میں پہنے رکھتے ہیں۔
ایک یرغمالی کے والد مالکی نے مسک کو علامتی ڈاگ ٹیگ پیش کیا جس پر لکھا تھا کہ ”غزہ میں ہمارے دل یرغمال ہیں“۔ اس ملاقات کی ایک ویڈیو صدر ہرزوگ کے دفتر کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ملاقات کے دوران صدر ہرزوگ نے مسک سے کہا کہ سام دشمنی کا مقابلہ کرنے کے لیے مسک کا ’بہت بڑا کردار‘ ہے۔ ارب پتی جو ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے مالک بھی ہیں، پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں قبضہ کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا سائٹ پر یہودی مخالف نفرت کو بڑھاوا دیا ۔
وائٹ ہاؤس نے مسک پر یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ انہوں نے ایک سازشی نظریے کی حمایت کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہودی نفرت پھیلا رہے ہیں اور سفید فام اکثریت کو کمزور کر رہے ہیں۔
یہ ملاقات اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے مسک کو غزہ کی سرحد کے قریب واقع کفار آزا کبوتز کے دورے پر لے جاکر کی جہاں حماس نے 7 اکتوبر کو حملہ کیا تھا۔ دفاعی حکام بھی ہمراہ موجود تھے۔
پیر 27 نومبر کو اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ مسک کے ساتھ ایک معاہدے پر پہنچا ہے کہ اسپیس ایکس غزہ میں اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات صرف اس کی منظوری سے فراہم کرے گا۔ مسک نے اس سے قبل جنگ سے متاثرہ فلسطینی علاقے کے لیے اسٹار لنک کے خیال کی حمایت کی تھی۔
اسرائیل کے وزیر مواصلات شلومو کرہی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ اسٹار لنک سیٹلائٹ یونٹ صرف ان کی وزارت کی منظوری سے اسرائیل اور غزہ کی پٹی میں کام کریں گے۔
اسرائیلی افواج اور حماس کے درمیان چار روزہ جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہونے کے بعد لڑائی میں وقفہ ہے ۔ معاہدے کے تحت حماس نے 69 یرغمالیوں کو رہا کیا جبکہ اسرائیل نے 150 کے قریب فلسطینی قیدیوں کو رہا کی ہے ۔ توقع ہے کہ دونوں فریق مزید یرغمالیوں کا تبادلہ کریں گے کیونکہ جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کردی گئی ہے۔