پاکستان پیپلزپارٹی صرف جماعت نہیں ایک تحریک ہے، بلاول بھٹو زرداری

کوئٹہ (اُمت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صرف جماعت نہیں ایک تحریک ہے۔
پیپلزپارٹی کے 56 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام شہید بھٹو نے اپنی جماعت کی بنیاد سیاسی تدبر اور دور رس ویژن پر رکھی تھی، قائدِ عوام کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ہمیں ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان تعمیر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فکرِ بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا فلسفہ و ویژن ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں، جمہوریت کی خاطر قید و بند اور جلاوطنی، کوڑے کھانے والے جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کی خاطر پھانسی کے پھندے چومنے والے جیالوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے ایک بار پھر یکجہتی کا اظہار اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔