پاکستانی خاتون خانہ کعبہ میں بچھڑی بہن کی بیٹی سے مل گئیں

ریاض: ایک 105 سالہ پاکستانی خاتون اس ماہ خانہ کعبہ میں اپنی ہندوستانی بھانجی کے ساتھ ایک ملاقات میں دوبارہ مل گئیں جو ان کے نزدیک گویا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف تھا۔ انہوں نے کہاہے کہ یہ ایک دوہری نعمت ہے جو زندگی کے آخری سالوں میں یہ ملاقات مکہ مکرمہ میں عمرہ کے دوران ہوئی۔عرب ٹی وی کے مطابق دیگر ہزاروں خاندانوں کی طرح حاجرہ بی بی 1947 کی تقسیم کے دوران اپنی بہن سے جدا ہوگئی تھیں، گزشتہ دنوں ایک کینیڈین یو ٹیوبر ناصر ڈھلوں کے ذریعے اسے پتہ چلا کہ اسکی بہن تو انتقال کر چکی ہیں تاہم اس کی حنیفاں بی بی نامی ایک بھانجی بھارت میں موجود ہیں۔چنانچہ یوٹیوبر کی وساطت سے دونوں میں رابطہ ہوا اور ادائیگی عمرہ کے دوران 15نومبر کو دونوں کی خانہ کعبہ میں ملاقات ہوگئی۔کینیڈا سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر کے سکھ دوست سردار پال سنگھ گل نے تینوں کے مکہ مکرمہ کے سفر کے لیے مالی تعاون فراہم کیا۔