ملزم کوضمانت دیتے ہوئے حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے، فائل فوٹو
ملزم کوضمانت دیتے ہوئے حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے، فائل فوٹو

190ملین پاؤنڈاسکینڈل، عمران خان و دیگر ملزمان کیخلاف نیب ریفرنس دائر

اسلام آباد: 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی سمیت دیگرملزمان کے خلاف ریفرنس دائرکردیا۔

نیب راولپنڈی نے احتساب عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل (القادر ٹرسٹ) میں ریفرنس دائر کر دیا ۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ عدالت میں ریفرنس دائر کیا، احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام دیے گئے ہیں، جن میں چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ بشری بی بی، فرح گوگی، بیرسٹر ضیا مصطفی، ذوالفقارعلی (ذلفی) بخاری اور شہزاد اکبر سمیت دیگر شامل ہیں۔

گزشتہ روز (بروز جمعرات 30 نومبر) 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھا اورعلی اعجاز نے درخواست دائر کی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا۔