واقعے میں ملوث کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، فائل فوٹو
واقعے میں ملوث کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، فائل فوٹو

چلاس واقعے میں بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے،صوبائی وزیر داخلہ

گلگت : صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا کہنا ہے کہ چلاس واقعہ افسوس ناک ہے جس میں بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے، اس دہشت گردی کے واقعے کو کسی اور زاویے سے نہ دیکھا جائے۔

گلگت میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کا کہنا تھا کہ دیامر واقعہ افسوسناک ہے اور یہ سراسر دہشت گردی ہے جس میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے، اسے کسی اور زاویے سے نہ دیکھا جائے۔

گلگت بلتستان کے عوام خصوصاً جو لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہیں ان سے التماس ہے وہ اسے مثبت طریقے سے استعمال کریں، اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے بھی گزارش ہے کہ وہ منبر پر بیٹھ کر اس واقعے کی پرزور مذمت کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم بہت جلد اس واقعے میں ملوث کرداروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ نے خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کا علاج چاہے گلگت میں ہو یا ملک کے کسی بھی شہر میں اس کا خرچہ حکومت گلگت برداشت کرے گی۔