آئرش پلیئرز سے الجھنا سکندر رضا کو مہنگا پڑگیا، 2 میچزسے معطل

ہرارے(اُمت نیوز) آئرش پلیئرز سے الجھنا زمبابوین کپتان سکندر رضا کو مہنگا پڑگیا جب کہ انہیں اگلے 2 میچز کیلیے معطل کر دیا گیا۔
پہلے ٹی 20 کے دوران آئرش پلیئرز سے الجھنا زمبابوین کپتان سکندر رضا کو مہنگا پڑگیا، وہ اگلے 2 میچز سے معطل ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ 14 ویں اوور میں پیش آیا جب شاٹ کھیلنے کے بعد سکندر نے حریف کرکٹر جوش لٹل سے کوئی بات کی، اتنے میں کرٹس کیمفر آگے بڑھے اور کوئی ایسا فقرہ اچھالا جس سے زمبابوین کپتان غصے میں بھڑک اٹھے، وہ تیزی سے بیٹ کو لہراتے ہوئے آگے بڑھے تاہم امپائر نے انھیں روک دیا۔
سکندر رضا نے اس میچ میں 3 وکٹیں لینے کے ساتھ ففٹی بھی بنائی، ان کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں آخری گیند پر ایک وکٹ سے فتح پائی۔
بعد ازاں آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے سکندر رضا پر 50 فیصد میچ فیس جرمانہ کرنے کے ساتھ ریکارڈ میں 2 ڈیمیرٹ پوائنٹس شامل کیے، جس سے ان کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 4 تک پہنچ گئی، اس لیے وہ خود بخود اگلے 2 میچز سے معطل ہوگئے، ان کی جگہ گذشتہ روز زمبابوین ٹیم کی قیادت سین ولیمز نے سنبھالی۔
کیمفر اور جوش لٹل پر 15، 15 فیصد میچ فیس جرمانہ کرنے کے ساتھ ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔