غزہ میں مزید 154 فلسطینی شہید، حماس کی سب سے بڑی سرنگ دریافت

غزہ(اُمت نیوز)غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، صہیونی افواج کے حملوں میں مزید 154 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی افواج نے جبالیہ کیمپ پر دوبارہ حملہ کیا جس میں 90 فلسطینی شہید ہوگئے، نوصائرت پر بمباری میں خاتون صحافی سمیت 25 افراد لقمہ اجل بنے۔

غزہ میں شہداء کی تعداد 19 ہزار 453 ہوچکی ہے۔

دوسی جانب حماس کے جنگجوؤں کی بھی بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، حماس کے حملوں میں ایک اور اسرائیلی افسر ہلاک ہوا جبکہ متعدد اسرائیلی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

اسرائیل نے غزہ میں حماس کی سب سے بڑی سرنگ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی فورسز کے مطابق سرنگ کی لمبائی چار کلومیٹر سے زیادہ ہے، جس کی پیچیدہ گزرگاہوں میں زمینی فرش، مضبوط کنکریٹ کی دیواریں، دیواروں کے ساتھ ایک دھاتی سلنڈر کا داخلی راستہ بھی ہے۔

سرنگ میں بجلی، وینٹیلیشن، مواصلاتی نیٹ ورکس کا مکمل نظام موجود ہے۔