بونیر سے پہلی ہندو خاتون جنرل نشست پر امیدوار

بونیر (اُمت نیوز)عام انتخابات 2024 کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سویرا پرکاش نے بھی جنرل نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ خبر کا بھارت مینں بھی چرچا ہے۔

سویرا پرکاش پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑیں گی۔ ان کے والد اوم پرکاش ایک ریٹائرڈ ڈاکٹر اور گزشتہ 35 سالوں سے پارٹی کے سرگرم رکن تھے۔

قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے مقامی سیاست دان سلیم خان کے مطابق سویرا بونیر سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

سال 2022 میں ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج سے گریجویٹ پرکاش بونیر میں پیپلز پارٹی کے شعبہ خواتین میں جنرل سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہیں۔

مقامی روزنامے ڈان سے بات کرتے ہوئے سویرا نے کہا کہ وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علاقے کے غریبوں کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے جمعہ 23 دسمبر کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

سویرا نے خطے میں خواتین کی فلاح و بہبود، محفوظ ماحول کو یقینی بنانے اور ان کے حقوق کی وکالت کے لئے کام کرنے کے اپنے عزم پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے میدان میں خواتین کو مستقل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔

سویرا نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت نے ان کے والد سے رابطہ کیا تھا کہ انہیں جنرل نشست پر انتخاب لڑنے کی اجازت دی جائے۔ اپنے طبی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے زور دے کر کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے کی طرف ان کا جھکاؤ سرکاری اسپتالوں میں بدانتظامی اور بے بسی کے تجربات سے پیدا ہوا۔

اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی سویرا کے الیکشن میں حصہ لینے کی خبر کو بھارتی میڈیا نے بھی بڑے پیمانے پر کوریج دی۔ انڈیا ٹوڈے سمیت مختلف ویب سائٹس پر یہ خبر نمایاں انداز میں شائع کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی حالیہ ترامیم کے تحت اب جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین امیدواروں کی شمولیت لازمی ہے۔