شام: اسرائیلی بمباری،پاسداران انقلاب کے 11اہلکارجاں بحق

دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی فورسز کی بمباری میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 11 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمبار طیاروں نے نشانہ ہی پاسداران انقلاب کا لیا تھا، یہ پاسدران انقلاب کے اہلکار ایرنی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں سے متعلق امور تربیت کی ذمہ داری کے لیے شام میں تعینات تھے۔یاد رہے کہ اسرائیل نے محض چند دن پہلے ایرانی پاسداران انقلاب کے سینیر کمانڈر رضی موسی کو شام میں بمباری کر کے جاں بحق کیا تھا ۔

دریں اثنا شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیل نے ایک بڑے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے، غزہ میں 7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اپنی نوعیت کی یہ تازہ ترین بمباری ہے۔شامی میڈیا کے مطابق دمشق میں گولان کی پہاڑیوں سے اسرئیلی طیاروں نے میزائل داغے ہیں ، گولان کی پہاڑیوں سے اسرائیل نے جنوبی علاقے کے بعض مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔شامی میڈیا کا کہنا ہے کہ شامی ایئر ڈیفنس نے اسرائیلی طیاروں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے اور شامی ایئر ڈیفنس نے بیشتر میزائل مار گرائے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق شامی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہماری فضائی دفاعی افواج نے اسرائیلی دشمن کے میزائلوں کا جواب دیا اور ان میں سے بیشتر کو مار گرایا، اس حملے میں معمولی مالی نقصان ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاقے کو نشانہ بنایا اور سویداء گورنری کے جنوبی دیہی علاقوں میں فضائی دفاعی بٹالین کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا۔آبزرویٹری نے بتایا کہ دمشق کے ہوائی اڈے کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا تھا، اس سے قبل ہوائی اڈے کو اسرائیلی بمباری سے تباہ کردیا تھا اور رن وے کی بحالی پر 65 دن لگے تھے ، اس کےبعد پہلے طیارے کی پرواز کے بعد دوبارہ ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پراس کارروائی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔