نائب سربراہ حماس کی شہادت کے بعد لبنانی سرحد پر متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک

 

بیروت (اُمت نیوز)حماس کے نائب سربراہ صالع العروری کی شہادت کے بعد لبنان کی سرحد پر حزب اللہ نے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تاہم ہلاکتوں کی تعداد سامنے نہیں آئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کی جہادی تنظیم حزب اللہ نے بتایا کہ انہوں نے سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی اہلکاروں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔

حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ’’خطرناک‘‘ حملہ لبنان اور اس کی خود مختاری پر حملہ تھا، اسرائیل کو اسکا جواب دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بیروت میں اسرائیلی حملے میں حماس کے نائب سربراہ صالع العروری شہید

جہادی تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ہر وقت مزاحمت کے لیے تیار ہیں اور ہمارے جنگجو بھرپور تیاری کے ساتھ سرحد پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد حماس کے نائب سربراہ صالع العروری نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ سے ملاقات کرکے جنگ کی حکمت عملی پر بات چیت کی تھی۔