لاہور (اُمت نیوز) عام انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کل (18 جنوری) سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی انتخابی مہم کا آغاز حافظ آباد میں ہونے والے جلسے سے خطاب سے کریں گے، اس دوران وہ معاشی روڈ میپ پر مشتمل انتخابی بیانیہ لیکر میدان میں اتریں گے، مریم نواز بھی جلسے سے خطاب کریں گی۔
قبل ازیں مریم نواز نے انتخابات کیلئے مہم کا آغاز کر دیا ہے، انہوں نے ایک روز قبل اوکاڑہ میں منعقد ہونے والے جلسے میں شرکت کی، گزشتہ روز مریم نواز نے اپنے لاہور کے انتخابی حلقہ پی پی 159 میں ہونے والے عوامی اجتماع میں بھی شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ گجومتہ والو آپ کا بہت شکریہ کرتی ہوں آپ نے بھرپور استقبال کیا، آپ نے میرا چناؤ کیا جس پر آپ کی شکر گزار ہوں، شیر کو فتح یاب کراؤ وعدہ کرتی ہوں خدمت میں دن رات ایک کر دوں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیروز پور روڈ پر کہیں سپیڈو بس تو کہیں اورنج ٹرین نظر آ رہی ہے، یہ سب نواز شریف کی خدمت کے نشان ہیں، لاہور کو بتانا چاہتی ہوں مسلم لیگ (ن) نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے جب گھس بیٹھیے آئے تو خدمت کے نشان وہیں رہ گئے۔