ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبدالہیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ پاکستان میں چھپے ایرانی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جن کا تعلق اسرائیل سے تھا۔ پاکستان میں چھپے دہشت گردوں کو نشانہ بنانے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ پاکستان دوست اور برادر ملک ہے اس کے کسی بھی شہری کو ایرانی میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈرونز کا ٹارگٹ ہمارا اسلامی ملک پاکستان ہرگز نہیں تھا، ہمارا ٹارگٹ پاکستان ایران بارڈر پر چھپے ایرانی دہشت گرد تھے، جن کا تعلق اسرائیل سے تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو ایران کی سلامتی سمجتھے ہیں، ایران کا ہدف صرف دہشت گرد تھے، ہم نے ”جیش العدل گروپ“ جو ایک ایرانی دہشت گرد گروپ ہے، کو نشانہ بنایا۔
امیر عبدالہیان نے مزید کہا کہ ”پاکستان کی سرزمین“ پر ایران کا حملہ جیش العدل گروپ کے اسلامی جمہوریہ ایران پر حالیہ مہلک حملوں کا جواب تھا۔انہوں نے کہا کہ ’اس گروہ نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کچھ حصوں میں پناہ لے رکھی ہے، اس حوالے سے ہم نے اس معاملے پر پاکستانی حکام سے کئی بار بات کی ہے‘۔
حسین امیر نے مزید کہا کہ ’ایران پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے لیکن ملک کی قومی سلامتی سے سمجھوتہ کرنے یا اس کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے گا‘۔