فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت، علیحدگی پسندوں کا چیک پوسٹ پر حملہ؛2 فوجی ہلاک

نئی دہلی: ریاست منی پور میں علیحدگی پسندوں نے آرمی چیک پوسٹ پر گوریلا حملہ کیا جس میں بھارتی فوج کو جانی اور مالی نقصان اُٹھانا پڑا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خانہ جنگی کے شکار بھارتی ریاست منی پور کے ضلع ٹینگنوپل میں مودی سرکار نے دو روز قبل سے صبح 12 بجے سے رات گئے تک کا مکمل کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔

کرفیو کے باوجود امن عامہ کی بحالی کے لیے قائم کی گئی بھارت کی فوجی چیک پوسٹ پر حملہ آوروں نے بم پھینکے۔ بھارتی فوجی اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ نکلے تو حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

حملے میں 2 فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی شناخت وانگکھیم سومرجیت میتی اور تاکھیلمبم سیلیش کے نام سے ہوئی۔