برونائی : برونائی کے شہزادہ عبد المتین 10 روز پر مشتمل شاہانہ شادی کی تقریبات میں اپنی دیرینہ ساتھی انیشا روسنا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ شہزادہ عبد المتین برونائی کے سلطان حسن البلقیہ ابن عمر علی سیف الدین سوئم کے دسویں بچے اور چوتھے بیٹے ہیں جنہوں نے ایک شاہی مشیر کی نواسی سے شادی کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کے پرکشش کنوارے مردوں کی فہرست میں شامل شہزادہ عبد المتین کی اہلیہ ایک سیاحتی اور فیشن کمپنی کی مالک ہیں۔تقریبات محل نورالایمان میں انجام پائیں، جس میں 1788 کمرے اور 257 باتھ رومز شامل ہیں۔ شہزادہ عبد المتین اور انیشا روسنا کی 10 روزہ شادی کی تقریبات روایتی، مذہبی، عوامی اور سکیولر تقریبات پر مشتمل رہیں۔ شاہی شادی میں 5000 مہمانوں نے شرکت کی ۔شہزادے کی آمد پر انھیں 17 توپوں کی سلامی دی گئی اس موقع پر 40 سپاہیوں کا دستہ بھی ان کے پیچھے موجود تھا۔