ظفروال: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں شر پھیلانے کے لیے لائے گئے فتنے نے قوم کو صرف ایک ہی سبق دیا کہ مارو گھسیٹو اور آگ لگادو، نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے گھروں کو چلے گئے، نواز شریف نے اپنا مقدمہ ثاقب نثار پر نہیں اللہ پرچھوڑا تھا۔
طفروال میں مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے چاروں جانب عوام ہی عوام دکھائی دہے رہے ہیں، کہاں کہاں دیکھوں اتنا بڑا جلسہ ہے کہ لوگ اسٹیڈیم سے باہر تک موجود ہیں، احسن اقبال، آج آپ کی بہن آپ کی وفاؤں کو سلام پیش کرنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا مریم نواز نے بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر کہا ہے کہ میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر خوش نہیں،جو ہمیں برداشت کرنا پڑا، اللہ کرے انہیں نہ سہنا پڑے، میں بیمار ماں کو لندن چھوڑ کر آئی، والد کے ساتھ آ کر گرفتاری دی، میں اپنے والد کو جیل میں ملنے گئی تو وہاں سے گرفتار کیا گیا، نواز شریف نے نیب سے ایک جملہ کہا کہ میرے سامنے گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ نیب والو! یاد رکھنا نواز شریف نے کہا تھا وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا مقدمہ ثاقب نثار پر نہیں چھوڑا، نواز شریف نے اپنا مقدمہ عمر بندیال پر نہیں چھوڑا، انہوں نے انگلی اٹھا کر کہا تھا اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، آج دیکھو اللہ نے ان کو کس طرح سرخرو کیا۔
انہوں نے کہا 2 سال سے تویہ مقدمہ میں دیکھ رہی ہوں، جب پولیس زمان پارک آتی تھی تو ڈنڈوں اور پٹرول بم سے مقابلہ کرتے تھے، جب حساب کتاب کا موقع آیا تو وہیل چیئر پر بیٹھ گئے، ٹانگ پر پلاسٹر چڑھ گیا، 6 ماہ میں بلڈنگ سے لینٹر اتر جاتا ہے، اس کی ٹانگ سے پلاسٹرنہیں اترا، جب انسان کا ہاتھ چوری سے رنگا ہو تو پلاسٹر چڑھانا پڑتا ہے، جب لیڈر کا دامن صاف ہو تو نواز شریف کی طرح پیشیوں پر جاتا ہے۔