لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار و قوال راحت فتح علی خان نے اپنے ملازم پر کیے جانے والے تشدد پر سب سے معافی مانگ لی۔راحت فتح علی خان نے سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے ملازم پر تشدد کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے رب سے معافی کا طلبگار ہوں، اُس کے بعد اپنے خاندان، دوستوں، عزیز و اقارب، مداحوں سے بھی معافی مانگتا ہوں کیونکہ انہیں میرے اس رویے کی وجہ سے تکلیف پہنچی ہے۔
گلوکار نے دعویٰ کیا کہ اُن کی سوشل میڈیا پر تین روز قبل وائرل ہونے والی ویڈیو 9 ماہ پرانی ہے جو اُن کے مخالفین نے حال ہی میں کی جانے والی پریس کانفرنس کے بعد جان بوجھ کر شیئر کی۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ اس ویڈیو کی وجہ سے مجھے اپنی غلطی کا احساس بھی ہوا ہے کیونکہ بطور انسان اور بالخصوص آرٹسٹ مجھے ایسا رویہ نہیں رکھنا چاہیے تھا۔
’میری مخالفت یا بائیکاٹ لوگ صرف اس لیے کررہے ہیں کہ وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں اور اس قسم کے رویے کی کبھی توقع نہیں کرتے تھے، میں اپنے تمام ساتھی گلوکاروں، میوزک انڈسٹری سے وابستہ لوگوں سے بھی معافی مانگتا ہوں‘۔