تفتان : ایران میں قتل کئے گئے 8 پاکستانی مزدوروں کی میتیں سرکاری حکام کے حوالے کر دی گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر ایرانی بارڈر پر سکیورٹی گارڈز نے میتیں حوالے کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تفتان نے پاک ایران سرحد کے راہداری گیٹ پر مقتول پاکستانی مزدوروں کی میتیں وصول کیں۔
یاد رہے کہ 27 جنوری کو ایران میں پاک ایران سرحدی علاقے بمپشت سروان میں نامعلوم مسلح افراد نے 9 پاکستانی شہریوں کو قتل کردیا تھا۔ نامعلوم مسلح افراد نے پاک ایران سرحد کے قریب فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں کو قتل اور تین کو زخمی کردیا۔ذرائع کے مطابق ایران میں قتل کیے گئے 5 افراد کا تعلق علی پور کے مختلف علاقوں سے ہے اور لواحقین کے مطابق شہید پاکستانی ایران میں مزدوری کا کام کرتے تھے۔