نئی دہلی: بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان اور معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر دتاجی راؤ گائیکواڈ 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بزرگ گائیکواڈ اپنی عمررسیدگی سے جڑی تکلیفوں کے باعث بڑودا کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے، جہاں وہ گزشتہ روز چل بسے۔دتا جی گائیکواڈ، جن کے بیٹے انشومن گائیکواڈ نے بھی بھارت کی نمائندگی کی، 1952 سے 1961 کے درمیان 11 ٹیسٹ کھیلے اور 1959 کے دورہ انگلینڈ کے دوران کپتان رہے، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرتے ہوئے انہوں نے 18.42 کی اوسط سے 350 ٹیسٹ رنز مکمل کیے۔
انہوں نے سب سے زیادہ 52 اسکور 1959 میں نئی دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا۔دتاجی گائیکواڈ اپنے مضبوط دفاع اور اپنی ڈرائیوز کے لیے جانے جاتے تھے لیکن انہوں نے ایک ورسٹائل فیلڈر کے طور پر بھی اپنی شناخت بنائی، انہوں نے آزادی کے بعد بھارت کے انگلینڈ کے پہلے دورے کے دوران 1952 میں لیڈز میں وجے ہزارے کی کپتانی میں اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔