غزہ کے مہاجرین کیلئے مصر میں کیمپ بنایا جا رہا ہے،امریکی اخبار

قاہرہ (امت مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے موقر اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے کہا ہے کہ مصر صحرائے سینا میں فصیل بند کیمپ تعمیر کر رہا ہے تاکہ غزہ پٹی سے آنے والے بے گھر فلسطینیوں کو وہاں بسایا جا سکے، اس بات کی تصدیق مصر کی انسانی حقوق کی ایک این جی او ’’دی سینائی فاؤنڈیشن فار ہیومن رائٹس‘‘ نے بھی کی ہے۔وال اسٹریٹ جنرل نے سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصویروں کے جائزے کے بعد شائع کردہ خصوصی رپورٹ میں بتایا کہ زیرتعمیر کیمپ کا رقبہ 21مربع کلومیٹر ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد لوگ رہ سکتے ہیں، اگر قاہرہ میں جاری مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو یہ کیمپ ہنگامی منصوبے کا حصہ ہے۔سینائی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ اگر غزہ سے بڑے پیمانے پر ہجرت ہوتی ہے تو بے گھر فلسطینیوں کو سنبھالنے کیلئے پہلے سے انتظام کیے جارہے ہیں،تعمیراتی کمپنی کے دو عہدیداروں نے بتایا کہ کیمپ کے گرد 21فٹ بلند دیوار ہوگی اور گیٹ نصب کیے جائیں گے۔صوبہ شمالی سینا کے گورنر محمد شوشا نے کیمپ کی تعمیر سے انکار کیا ہے۔