لاہور(اُمت نیوز)نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سابق اسٹار کرکٹر جاوید میانداد نے ملاقات کی ہے۔
جاوید میانداد نے چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔
دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات میں کرکٹ کے فروغ اور پاکستانی کرکٹ کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
جاوید میانداد نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب آغاز پر محسن نقوی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ امید ہے کہ آپ پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے میری خدمات حاضر ہیں۔
ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ جاوید میانداد کرکٹ لیجنڈ ہیں، آپ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان ٹیم کا اصل مقام بحال کرانا ہے۔
محسن نقوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں، پاکستانی ٹیم کو مضبوط بنانے کے لیے مشاورت کی جا رہی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ اچھے کھلاڑی سامنے آئیں۔