امریکی فوج کا حوثی ملیشیا کے ’زیرِ آب ڈرون‘ پر حملہ

امریکا(اُمت نیوز)امریکا نے یمن کی حوثی ملیشیا پر نئے حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے زیرِ آب ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج نے حوثیوں کے زیرِ آب ڈرونز کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

نومبر میں بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کرنے کے بعد سے اب تک حوثی ملیشیا نے پہلی بار زیرِ آب ڈرونز استعمال کیے ہیں۔

امریکی حکام نے بتایا کہ پیر کو علی الصباح حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کو ملانے والی آبنائے باب المندب سے گزرنے والے ایک بڑے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

برطانوی فوج کے یونائٹیڈ کنگڈم میریٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کے حملے سے جہاز کو نقصان پہنچا۔ عملہ محفوظ رہا۔

برطانوی جہاز راں کمپنی ایمبرے نے بتایا کہ برطانیہ میں رجسٹرڈ جہاز لبنان سے آپریٹ کیا جارہا تھا اور یہ بلغاریہ سے متحدہ عرب امارات جارہا تھا۔

اتوار کو رات گئے حوثی ملیشیا پر کیے گئے امریکی فوج کے حملوں میں موبائل اینٹی شپ کروز میزائل، دھماکا خیز مواد سے بھری ہوئی کشتی اور ایک ایسے زیرِ زمین جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس پر کوئی انسان سوار نہ تھا۔