جی 20 ممالک غزہ میں تباہی روکنے کیلئے کردار ادا کریں،سعودیہ کا مطالبہ

ریو ڈی جنیرو(اُمت نیوز) سعودی عرب نے جی 20 ممالک سے غزہ میں تباہی کو روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں جی 20 اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ جی 20 ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن کارروائی کریں جس سے علاقائی امن و خوشحالی کے ساتھ عالمی اقتصادی استحکام کو بھی فوری خطرات لاحق ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی میں ہونے والے مظالم کی مذمت کی اور جی 20 ممالک پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے بامعنی اقدامات کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں اور دو ریاستی حل کی جانب قابل اعتماد اور ناقابل واپسی عمل کی حمایت کریں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے عالمی اداروں کے عزم کی اہمیت اور خاص طور پر غزہ کی پٹی کی المناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنے مؤقف کے واضح ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے بھی ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں پیشرفت اور بحران کے حل کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔