پی ایس ایل ایلیمنیٹر ون اسلام آباد کے نام

کراچی (اُمت نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 39 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 10 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بنا پائی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور سعود شکیل نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن دونوں اوپنرز ہی ناکام ثابت ہوئے، سعود شکیل بغیر کھاتہ کھولے جبکہ جیسن روئے صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد آنے والے عمیر یوسف نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی، اسلام آباد یونائیٹد کے باؤلرز کے سامنے ان کی بھرپور مزاحمت بھی میچ نہ جتوا سکی۔

رائلی روسو، خواجہ نافع اور لوری ایونز نے بھی جلد ہی عمیر یوسف کا ساتھ چھوڑ دیا اور بالترتیب 5، 5 اور 0 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ان کے بعد آنے والے عقیل حسین نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے جیت کی امید پیدا کی لیکن وہ بھی ہدف سے بہت پہلے 68 کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 18 بالز پر 31 رنز بنائے۔

عقیل حسین کے آؤٹ ہونے کے بعد عمیر یوسف کا ساتھ دینے وسیم جونئیر کریز پر آئے اور صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے، ان کے بعد محمد عامر نے بیٹنگ کا جارحانہ انداز اپنایا اور 14 بالز پر 23 رنز بنائے اور 126 کے مجموعی سکور پر کلین بولڈ ہو گئے، ابرار احمد اور عثمان طارق بھی چند منٹ کے مہمان ثابت ہوئے، یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ساری ٹیم 135 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، آغا سلمان نے 31 ، ایلکس ہیلز اور شاداب خان 23، 23 ، اعظم خان نے 18 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف اور حیدر علی ایک ایک رن بنا سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 3، نسیم شاہ نے 2، عبید مکائے، حنین شاہ اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عقیل حسین اور محمد عامر نے 2، 2 جبکہ سعود شکیل، ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 میں گزشتہ روز ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، فائنل میں رسائی کیلئے اب پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان آج مقابلہ ہو گا۔